رانچی،30؍نومبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) یوم آئین کے اختتام کے موقع پر رانچی کے آڈرے ہاؤس میں این سی سی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ این سی سی کے اس پروگرام میں وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے اپنے خطاب میں کہا کہ این سی سی کسی تعارف کا محتاج نہیں ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ این سی سی نے جمہوری نظام کے ڈھانچے کے تحفظ کے لئے ایک اہم کردار ادا کیا ہے یہ فخر کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ جھارکھنڈ میں این سی سی کی دو بٹالین ہیں۔ ایک رانچی میں اور دوسرا ہزارہ باغ میں۔ اس سے تقریباً 32 ہزار نوجوان وابستہ ہیں۔ 189 این سی سی کی سرگرمی اسکولوں اور کالجوں میں ہوتی ہے۔ یہ ایک اچھی چیز ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جھارکھنڈ کا جغرافیائی، معاشرتی ڈھانچہ اور ماحول این سی سی گروپ کو توانائی دینے کے قابل ہے۔ اس موقع پر انہوں نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے این سی سی کے عمدہ کیڈٹ کی تعریف کی اور انہیں اعزازات سے بھی نوازا۔ انہوں نے کہا کہ وہ طالب علمی کے زمانے میں این سی سی سے وابستہ تھے۔
وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے مزید کہا کہ آج مجھے مہمان خصوصی ہونے پر فخر ہے۔ اس موقع پر انہوں نے آرمی کے تمام وینگ کی ٹریننگ کو یقینی بنانے کا وعدہ کیا۔ ساتھ ہی فلائنگ اکیڈمی سے بھی کیڈیٹس کو فائدہ فراہمی کی بات کہی۔ وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے ریاست میں این سی سی کے ڈائریکٹوریٹ کے قیام کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیر اعلی نے کہا کہ این سی سی کا ہیڈکوارٹر صوبہ بہار کے دارالحکومت پٹنہ کے ساتھ ساتھ ریاست جھارکھنڈ کے دارالحکومت رانچی میں بھی ہونا چاہئے۔
اس موقع پر وزیر اعلی نے این سی سی کیڈٹس کی نمائش والی پینٹنگ کا مشاہدہ کیا۔ اس موقع پر میجر جنرل شری رویندر سنگھ، گروپ کمانڈر، بریگیڈ منیش ترپاٹھی، چیف منسٹر کے پرنسپل سکریٹری شری راجون ارون اکا، رانچی یونیورسٹی کے وائس چانسلر رمیش پانڈے، این سی سی کیڈٹس اور دیگر موجود تھے۔ وزیر اعلی ہیمنت سورین نے اس موقع پر این سی سی کے عہدیداروں کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔
بشکریہ : اردو نیوز 18